بھٹکل،3؍جنوری (ایس او نیوز)کڈوین کٹا ندی سے شیرالی اور آس پاس کے علاقوں میں پانی لے جانے والی نہر میں مٹی اور کوڑا کرکٹ کا ڈھیر جمع ہونے اور محکمہ چھوٹی آب پاشی کی طرف سےگزشتہ دو سال سے اس نہر کی صفائی نہ کروانے پریہاں کے کسانوں نے سخت ناراضی جتاتے ہوئے کہا کہ اگر تین دن کے اندر صفائی نہیں کروائی گئی تو احتجاجاً نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا جائے گا۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ نہرشیرالی، نیرکنٹا، چتراپور، بینگرے اور اطراف میں کھیتوں کو پانی دینے کا بہت ہی اہم ذریعہ ہے، جس کا استعمال کرکے یہاں پر کسان دھان، مونگ پھلّی جیسی مختلف قسم کی فصلیں اگاتے ہیں۔لیکن گزشتہ دو تین برسوں سے اس نہر میں بہت ہی زیادہ مٹی جمع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پانی کا بہاؤ بہت ہی کم ہوگیا ہے۔ پانی کی اس قلت کی وجہ سےاب موسم گرما میں کھیتی باڑی کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ چھوٹی آب پاشی کی غفلت کی وجہ سے آج یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
